زندگی کے اس حصے میں دوبارہ ماں بننے کی توقع نہیں تھی: ماہرہ خان

ٹورنٹو: پاکستان کی نامور سپر اسٹار ماہرہ خان نے 41 برس کی عمر میں اپنے ہاں جلد ننھے مہمان کی آمد کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔

اداکارہ نے ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (TIFF) میں شرکت کے موقع پر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ اور انٹرویو میں خوشخبری شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے زندگی کے اس مرحلے پر دوبارہ ماں بننے کی توقع نہیں کی تھی۔

ماہرہ کا کہنا تھا کہ 24 برس کی عمر میں پہلا بیٹا ‘اذلان’ پیدا ہوا تھا تب جسمانی اور جذباتی احوال مختلف تھا، جبکہ 41 برس کی عمر میں یہ سفر جسمانی طور پر زیادہ مشکل اور جذباتی طور پر زیادہ گہرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسان جتنے بھی منصوبے بنا لے لیکن اللہ کا منصوبہ ہی سب سے برتر ہوتا ہے۔ اداکارہ نے دوسری شادی اکتوبر 2023 میں بزنس مین سلیم کریم سے کی تھی، جس کے بعد ان کے ہاں یہ پہلی اولاد ہوگی۔ سوشل میڈیا پر شوبز شخصیات اور مداحوں کی جانب سے اداکارہ کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔