کوہاٹ پولیس لائنز حملہ: 22 گھنٹوں بعد آپریشن مکمل، تمام 8 دہشت گرد ہلاک، شہادتیں 23 ہو گئیں

کوہاٹ: خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں ہنگو روڈ پر واقع اولڈ پولیس لائنز کی مسجد میں جمعہ کی نماز کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے اور دہشت گردانہ حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کا 22 گھنٹوں سے جاری کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ پاک فوج، ایلیٹ فورس اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی میں تمام 8 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، جبکہ مزید 2 زخمیوں کے دم توڑنے کے بعد شہادتوں کی مجموعی تعداد 23 ہو گئی ہے۔

سینٹرل پولیس آفس اور سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شہداء میں 16 پولیس اہلکار اور 7 شہری شامل ہیں، جن میں لیاقت میموریل اسپتال کے چیف ڈسٹرکٹ اسپیشلسٹ ڈاکٹر اسرائیل خان اورکزئی اور ایس پی ٹریفک اکبر خان شنواری بھی شامل ہیں۔ دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے جنہیں کوہاٹ کے اسپتالوں اور شدید زخمیوں کو پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔

آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے گرینیڈ حملے میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کا ہاتھ زخمی ہوا، تاہم فورسز نے تمام عمارتوں کو کلیئر کروا کر پولیس کے حوالے کر دیا۔

آپریشن کی براہِ راست نگرانی جی او سی کوہاٹ اور آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کی۔ شہداء کی نمازِ جنازہ اولڈ پولیس لائنز میں ادا کی گئی جہاں آئی جی کے پی، صوبائی وزراء اور عسکری حکام نے شرکت کی اور شہداء کو سلامی پیش کی۔

آئی جی کے پی ذوالفقار حمید اور جی او سی کوہاٹ نے جوانوں کی بہادری کو سراہتے ہوئے عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشت گردوں و ان کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔