کوہاٹ پولیس لائنز مسجد میں خودکش دھماکا: 15 اہلکاروں سمیت 21 افراد شہید، 103 زخمی

کوہاٹ: خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں ہنگو روڈ پر واقع پرانی پولیس لائنز کی مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران دلخراش خودکش دھماکے اور اس کے بعد ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے نتیجے میں 15 پولیس اہلکاروں اور 6 عام شہریوں سمیت 21 افراد شہید جبکہ 103 افراد زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق، بارود سے بھری گاڑی پرانی پولیس لائنز کے گیٹ سے ٹکرانے کے بعد خودکش دھماکا ہوا، جس کے بعد 7 مسلح دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ کرتے ہوئے پولیس لائنز اور اسپیشل برانچ کی عمارت میں دراندازی کی۔

پولیس، سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ کلیئرنس آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے گرینیڈ حملے میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کا ہاتھ زخمی ہوا جبکہ علاقے میں آپریشن جاری رہا۔

ایم ایس کوہاٹ اسپتال ڈاکٹر طاہر کے مطابق، شہداء میں لیاقت میموریل اسپتال کے چیف ڈسٹرکٹ اسپیشلسٹ ڈاکٹر اسرائیل خان اورکزئی بھی شامل ہیں۔ دھماکے کے نتیجے میں 73 پولیس اہلکار اور 30 شہری زخمی ہوئے، جن میں سے شدید زخمیوں کو پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔

واقعے کے بعد پولیس لائنز کوہاٹ میں شہداء کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی جس میں آئی جی خیبرپختونخوا ذو الفقار حمید، جی او سی کوہاٹ اور صوبائی وزراء نے شرکت کی۔ آئی جی کے پی نے عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔