واشنگٹن: امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کے دوران ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی حقیقی تعداد پینٹاگون کے عوامی سطح پر جاری کردہ اعدادوشمار سے کہیں زیادہ ہے۔
امریکی محکمہ دفاع کے اندرونی جانی نقصان کے ریکارڈ سے واقف 6 امریکی حکام کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنگ کے آغاز سے اب تک کم از کم 22 امریکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ پینٹاگون کے عوامی ڈیٹا بیس میں 18 ستمبر تک صرف 18 ہلاکتیں درج تھیں۔
رپورٹ کے مطابق 6 میں سے 5 حکام نے 22 ہلاکتوں کی تصدیق کی جبکہ ایک عہدیدار کے مطابق یہ تعداد 23 تک ہو سکتی ہے۔ تاہم تمام ہلاکتیں براہِ راست جنگی عمل کا نتیجہ نہیں بلکہ بعض مشرق وسطیٰ میں تعیناتی کے دوران پیش آئیں، علاوہ ازیں 3 امریکی کنٹریکٹرز بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جنگ میں 820 سے زائد امریکی فوجی زخمی بھی ہو چکے ہیں، جن میں سے متعدد ایرانی جوابی حملوں میں دماغی چوٹوں (ٹرامیٹک برین انجریز) کا شکار ہوئے۔
دوسری جانب امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے واشنگٹن پوسٹ کے اس دعوے کو سخت مسترد کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر اسے "مکمل جھوٹ” قرار دیا ہے۔

