بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں؛ ‘فتنہ الہندوستان’ کے 11 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ: بلوچستان کے اضلاع پنجگور اور چاغی میں سیکیورٹی فورسز نے ‘آپریشن ردالفتنہ 3’ کے تحت مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے ‘فتنہ الہندوستان’ کے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، پہلی کارروائی ضلع پنجگور کے علاقے گوارگو میں کی گئی جہاں 5 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ضلع چاغی کے علاقوں امین آباد اور سیاہ چنگ میں دوسری کارروائی کے دوران مزید 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

سیکیورٹی فورسز نے ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خطے میں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشنز بدستور جاری رہیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ‘فتنہ الہندوستان’ و ‘فتنہ الخوارج’ کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔