جماعت اسلامی کا پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف 20 ستمبر کو اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان

گوجرانوالہ: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے، پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف جاری احتجاجی تحریک کو وسعت دیتے ہوئے 20 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب ملک گیر لانگ مارچ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

گوجرانوالہ میں عوام کے بڑے اجتماع اور احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومتی مذاکراتی ٹیم کے ساتھ بات چیت ناکام ہو چکی ہے کیونکہ حکومت پیٹرولیم لیوی اور ظالمانہ ٹیکسز ختم کرنے کے لیے تیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ کے بہانے بنانے والے حکمران عوام پر لیوی اور بھاری ٹیکسوں کا بوجھ ڈال رہے ہیں جبکہ مقامی تیل کی قیمت بھی درآمدی تیل کے برابر وصول کی جا رہی ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی سمیت دیگر تمام سیاسی جماعتوں اور عام شہریوں کو اس مارچ میں شرکت کی دعوت دی۔

امیر جماعت اسلامی نے حکومت اور بالخصوص وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور مرکزی قیادت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف عوام مہنگائی سے پس رہے ہیں اور دوسری طرف حکمران طبقہ سرکاری رقوم سے عیاشی کر رہا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے پیٹرولیم لیوی اور آئی پی پیز کے ظالمانہ ٹیکسز کا خاتمہ نہ کیا تو عوام کا یہ سمندر حکومت کے خاتمے کی تحریک بن جائے گا۔ واضح رہے کہ 12 ستمبر ہفتے کے روز راولپنڈی کے لیاقت باغ سے بھی اسلام آباد کی جانب ایک مقامی مارچ کی قیادت کی جائے گی۔