ایران نے زیرِ زمین تنصیبات میں بیلسٹک میزائلوں کی تیاری دوبارہ شروع کر دی: وال اسٹریٹ جرنل کا دعویٰ

واشنگٹن: امریکی اخبار ‘وال اسٹریٹ جرنل’ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے شدید امریکی و اسرائیلی فضائی حملوں اور نقصان کے باوجود اپنی محفوظ زیرِ زمین تنصیبات میں پہلے سے ذخیرہ شدہ پرزہ جات کی مدد سے بیلسٹک میزائلوں کی پیداوار دوبارہ شروع کر دی ہے۔

امریکی اور علاقائی حکام کے حوالے سے جاری رپورٹ کے مطابق انٹیلی جنس معلومات اور سیٹلائٹ تصاویر سے جنوب مشرقی ایران میں واقع ‘خوجیر’ میزائل بیس سمیت متعدد زیرِ زمین سائٹس پر سرگرمیوں اور سرنگوں کے راستوں کی بحالی کا انکشاف ہوا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگرچہ حملوں اور بحری ناکہ بندی کی وجہ سے ٹھوس ایندھن اور صنعتی مکسرز کی کمی کا سامنا ہے، لیکن ایران فی الحال محدود پیمانے پر مائع اور ٹھوس ایندھن والے میزائل اسمبل کر رہا ہے۔

اسرائیلی فوجی جائزوں اور امریکی حکام کے مطابق ایران کی جانب سے تباہ شدہ انفراسٹرکچر، راستوں اور پیداواری مراکز کی تیز رفتار بحالی تشویشناک ہے اور یہ پیش رفت ظاہر کرتی ہے کہ شدید بمباری کے باوجود ایران کے میزائل پروگرام کو مکمل طور پر ختم کرنا انتہائی مشکل کاوش ہے۔