27 ستمبر کا احتجاج ملتوی نہیں ہو گا، محسن نقوی سے بیک ڈور رابطے ہیں: بیرسٹر گوہر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کا احتجاج ملتوی کرنے کی کوئی تجویز زیرِ غور نہیں اور اس کی قیادت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کریں گے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے انکشاف کیا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کے ساتھ بیک ڈور چینلز پر رابطے رہتے ہیں تاہم فی الحال حکومت کے ساتھ باقاعدہ مذاکرات نہیں ہو رہے۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کا فیصلہ محض پی ٹی آئی کا نہیں بلکہ اپوزیشن کی تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے کیا گیا ہے اور تمام اپوزیشن پارٹیاں 27 ستمبر کو سڑکوں پر نکلیں گی۔

بیرسٹر گوہر نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ہمیشہ مذاکرات کو ترجیح دی ہے اور اس کا اختیار محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو سونپ رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالتی احکامات کے باوجود گزشتہ 10 ماہ سے بانی پی ٹی آئی سے ان کی ملاقات نہیں کرائی گئی، جبکہ وزیراعظم کے موصول ہونے والے خط پر اپوزیشن لیڈر کوآرڈینیشن کر رہے ہیں اور جلد تمام قومی و اہم امور پر آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بھی بلائی جائے گی۔