پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں 1.21 ارب ڈالر کا اضافہ، مجموعی حجم 23.71 ارب ڈالر تک پہنچ گیا

کراچی: حکومتِ پاکستان کو غیر ملکی کمرشل قرضوں کی موصولی کے باعث ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں ایک ہی ہفتے کے دوران 1 ارب 21 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (SBP) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 4 ستمبر 2026 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران مرکزی بینک کے پاس موجود ذخائر بڑھ کر 18 ارب 32 کروڑ 82 لاکھ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔

دوسری جانب کمرشل بینکوں کے تحویل میں موجود ذخائر کا حجم 5 ارب 38 کروڑ 76 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اس پیش رفت کے بعد پاکستان کے مجموعی ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 23 ارب 71 کروڑ 58 لاکھ ڈالر کی بلند سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ مالیاتی ماہرین کے مطابق مرکزی بینک کے ذخائر میں اس نمایاں بہتری کی بنیادی وجہ حکومت کو غیر ملکی تجارتی اداروں کی جانب سے کمرشل قرضوں کی بروقت فراہمی اور وصولی ہے۔