پی ٹی آئی وفد کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، آل پارٹیز کانفرنس اور احتجاجی تحریک پر مشاورت

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اعلیٰ سطح کے وفد نے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کی قیادت میں جمعیۃ علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) اور 27 ستمبر کی احتجاجی تحریک میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی گئی۔

پی ٹی آئی وفد میں سلمان اکرم راجہ، اسد قیصر اور فردوس شمیم نقوی شامل تھے جبکہ جے یو آئی کی جانب سے مولانا عبدالغفور حیدری اور مولانا اسعد محمود بھی موجود تھے۔ جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں ‘تحریک تحفظ آئینِ پاکستان’ کے تحت مجوزہ آل پارٹیز کانفرنس، آئین کی بالادستی، حاکمیتِ قانون اور ملک میں آئینی و جمہوری نظام کے استحکام پر مفصل گفتگو کی گئی۔

اس کے علاوہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں مشترکہ اپوزیشن تشکیل دینے اور صوبوں کے قائم ہونے کے مباحث اور بلوچستان کی امن و امان کی صورتِ حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ قومی و علاقائی مسائل پر تمام اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے اور مشترکہ لائحہ عمل کے تحت آئندہ اقدامات کیے جائیں گے۔ جے یو آئی کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ملک جن شدید مسائل میں گھرا ہوا ہے ان کے حل کے لیے اپوزیشن کا باہمی مشاورت اور مشترکہ جدوجہد کا عزم خوش آئند ہے۔