کھلاڑیوں کے ڈسپلن اور رویے پر پی سی بی نے اندرونی انکوائری شروع کر دی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ کے دورے پر موجود قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ڈسپلن اور غیر مناسب رویے سے متعلق سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس پر اندرونی تادیبی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا عامر میر کے مطابق معاملے کا جائزہ بورڈ کے طے شدہ ضوابط کے تحت لیا جا رہا ہے اور تمام متعلقہ افراد کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا پورا موقع فراہم کیا جائے گا۔ پی سی بی نے شائقین اور میڈیا کو ہدایت کی ہے کہ سوشل میڈیا اور غیر مصدقہ ذرائع سے پھیلنے والی قیاس آرائیوں پر کان نہ دھریں اور صرف سرکاری اطلاعات پر انحصار کریں۔

ذرائع کے مطابق یہ پیش رفت انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں 194 رنز کی شکست اور سیریز میں 0-2 کی ناکامی کے بعد سامنے آئی ہے، جس کے بعد پی سی بی نے اسکواڈ سے 7 کھلاڑیوں کو تبدیل کرتے ہوئے ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو عہدوں سے ہٹا دیا تھا۔

خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ لارڈز ٹیسٹ کے بعد سیکیورٹی آفیشلز نے مبینہ طور پر محمد رضوان اور امام الحق کے موبائل فونز کچھ دیر کے لیے تحویل میں لے کر ڈیٹا کی جانچ کی اور دونوں کھلاڑیوں کو وطن واپس بھیجنے اور ممکنہ پابندیوں یا بھاری جرمانوں سے متعلق بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔