بلوچستان کا امن اور خوشحالی ریاست کا مرکزی محور ہے؛ فیلڈ مارشل عاصم منیر

کوئٹہ: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کے دورے کے موقع پر فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز اور افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود ریاست کی تمام تر کوششوں کا مرکزی محور ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، کوئٹہ آمد پر کمانڈر کوئٹہ کور نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران انہیں بلوچستان کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں، پائیدار امن کے قیام اور صوبے کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بے لوث عزم کو سراہتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک محفوظ اور مستحکم ماحول ہی صوبے میں معاشی مواقع اور ترقیاتی منصوبوں کو فروغ دے سکتا ہے۔ انہوں نے وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی عظمت اور قربانیوں کو بھی بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔