عوام پر ایک اور بجلی بم: نیپرا نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی مزید مہنگی کر دی

اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے وفاقی حکومت کی حتمی منظوری کے بعد مہنگائی کے مارے عوام پر ایک ہفتے کے اندر دوسری بار بجلی بم گراتے ہوئے قیمتوں میں اضافے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

نیپرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں 52 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کیا گیا ہے۔

اس فیصلے سے کے-الیکٹرک سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین پر 12 ارب 67 کروڑ روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔ اضافے کی یہ رقم صارفین سے ستمبر، اکتوبر اور نومبر 2026 کے مسلسل تین ماہ کے بلوں میں وصول کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 4 ستمبر کو بھی نیپرا نے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 6 پیسے فی یونٹ مہنگی کی تھی، جس کے بعد ایک ہی ہفتے کے اندر سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا یہ دوسرا بڑا جھٹکا سامنے آیا ہے۔