صدر آصف علی زرداری اور محسن نقوی کی لندن میں اہم ملاقات، اہم پیغام پہنچا دیا

لندن: صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے لندن میں اہم ملاقات کی، جو تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی۔ اس ون آن ون ملاقات کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور اہم قومی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کے دوران صدرِ مملکت کو ایک اہم پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے مختلف قومی معاملات، بالخصوص نئے صوبوں کی تشکیل سے متعلق جاری بحث پر اپنے دیرینہ موقف پر مکمل طور پر قائم رہنے کا پیغام دیا اور کہا کہ قومی مفاد میں تمام سیاسی فریقوں کو مل کر آگے بڑھنا ہو گا۔

صدرِ مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ قومی اتفاقِ رائے کے بغیر کسی بھی اہم اور حساس مسئلے کا پائیدار حل ممکن نہیں۔ واضح رہے کہ صدر آصف علی زرداری اپنے دو ہفتہ طویل قیام کے سلسلے میں اس وقت برطانیہ (لندن) میں موجود ہیں۔