اسلام آباد: ایوانِ صدر میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ (CNSC) جنرل عامر رضا کو ان کی شاندار قومی و عسکری خدمات کے اعتراف میں اعلیٰ ترین عسکری اعزاز "نشانِ امتیاز (ملٹری)” سے نوازا ہے۔
اس پروقار تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، دیگر سروسز چیفس، وفاقی وزرا، اعلیٰ سول و عسکری حکام سمیت ایران اور ترکیہ جیسے برادر ممالک کے سفیروں نے بھی شرکت کی۔
جنرل عامر رضا نے 1988ء میں پاک فوج کی آرمڈ کور رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (NDU) اسلام آباد اور برطانیہ کی یونیورسٹی آف ناٹنگھم سے گریجویٹ ہیں۔ اس سے قبل انہیں ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور ستارہِ بسالت سے بھی نوازا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 24 جولائی 2026 کو چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو 4 اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ مقرر کیا تھا۔
یہ عہدہ 27ویں آئینی ترمیم کے تحت قائم کیا گیا تھا، جس کے ذریعے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم کر کے جوہری امور و حکمتِ عملی کی ذمہ داریوں کے لیے نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا نیا انتظام متعارف کرایا گیا تھا۔

