راولپنڈی مال روڈ پر سیکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور ہلاک، تعلق ایک سیاسی جماعت سے تھا: ترجمان راولپنڈی پولیس
راولپنڈی: راولپنڈی کے مال روڈ پر صبح سوا 11 بجے سیکیورٹی فورسز کی پٹرولنگ ٹیم پر فائرنگ کرنے والا شخص سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں سیکیورٹی کا ایک اہلکار زخمی ہوا۔
ترجمان راولپنڈی پولیس اور سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے حملہ آور کی شناخت ضلع خیبر کے رہائشی محمد حسین کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والے موبائل فون، پارٹی پرچم اور دیگر دستاویزات سے واضح ہوا ہے کہ اس کا تعلق ایک مخصوص سیاسی جماعت سے تھا اور وہ قیادت کی ہدایات پر عمل پیرا رہتے ہوئے مختلف مظاہروں میں بھی شامل رہا ہے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی پرتشدد سیاست پر گامزن ہے اور ان کے مظاہرین مسلح ہو کر آتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ملک کی ترقی اور بین الاقوامی سطح پر حاصل ہونے والی کامیابیوں کو برداشت نہیں کر پا رہی، اسی لیے وہ ملک میں انارکی اور بدامنی پھیلانے کی کوششیں کر رہی ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماؤں نے حکومت اور پولیس کے ان الزامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ پی ٹی آئی ایک پرامن سیاسی جماعت ہے اور اس کا کسی قسم کے پرتشدد واقعات یا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئین اور قانون کے دائرے میں جدوجہد کر رہے ہیں اور ہلاک ہونے والے شخص سے پارٹی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بھی واقعے سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بغیر کسی ثبوت کے کسی سیاسی جماعت کو موردِ الزام ٹھہرانے کے بجائے شواہد کی بنیاد پر اصل حقائق سامنے لائے جائیں اور ذمہ دار کو سزا دی جائے۔

