امریکی فوجی نے قدم رکھا تو کوئی زندہ نہیں بچے گا: ایرانی بری فوج کے کمانڈر کی امریکا کو سخت دھمکی

تہران: ایرانی بری فوج کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل علی جہانشاہی نے امریکا کو شدید نتائج کی خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی بھی امریکی فوجی نے ایرانی سرزمین پر قدم رکھنے کی کوشش کی تو اسے زندہ نہیں چھوڑا جائے گا اور شدید تر مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق بریگیڈیئر جنرل علی جہانشاہی نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا کہ ایرانی زمینی افواج مکمل جنگی تیاری (High Alert) کی حالت میں ہیں اور تمام سرحدی حدود کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اپنے دفاع اور سرزمین کے تحفظ کے معاملے میں کسی غفلت کا مظاہرہ نہیں کرے گا اور دشمن کی کسی بھی فوجی مداخلت یا خفگی کا فوری و مؤثر جواب دیا جائے گا۔

دوسری جانب ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے واضح کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کا انحصار امریکا کی جانب سے ایران کی تمام شرائط کی قبولیت پر ہے اور اس کا ایران و عمان کے درمیان جاری مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

ادھر امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) نے دعویٰ کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں تعینات 20 سے زائد امریکی جنگی بحری جہازوں نے ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی پر عملدرآمد کرتے ہوئے اب تک 55 تجارتی بحری جہازوں کا رخ موڑ دیا ہے۔ خطے میں بڑھتی ہوئی اس کشیدگی کے باعث دونوں ممالک کے بیانات پر عالمی سطح پر شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔