پاک امریکا انسدادِ دہشت گردی مذاکرات: ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور داعش خلاف مشترکہ کارروائی پر اتفاق

واشنگٹن: پاکستان اور امریکا نے دہشت گرد تنظیموں کے خلاف باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے اور خطے میں دیرپا امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ وژن کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

واشنگٹن ڈی سی میں پاکستان اور امریکا کے درمیان انسدادِ دہشت گردی مذاکرات کا چوتھا دور منعقد ہوا، جس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزارتِ خارجہ کے اسپیشل سیکرٹری سفیر نبیل منیر اور امریکی وفد کی قیادت امریکی کوآرڈینیٹر برائے انسدادِ دہشت گردی گریگوری لوگیرفو نے کی۔

دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ اعلامیے کے مطابق، دونوں ممالک نے عالمی و علاقائی دہشت گردی کے خطرات اور سیکورٹی کی موجودہ صورت حال پر تفصیلی غور کیا۔

مذاکرات میں تحریکِ طالبان پاکستان (TTP)، بلوچستان لبریشن آرمی (BLA)، داعش خراسان اور القاعدہ سمیت دیگر دہشت گرد گروہوں کے خلاف مشترکہ اقدامات جاری رکھنے اور ان کے سہولت کار نیٹ ورکس کو توڑنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔

علاوہ ازیں، دونوں ممالک نے سرحدی سیکیورٹی مضبوط بنانے، انٹیلی جنس اور سیکیورٹی امور پر تعاون بڑھانے کے ساتھ ساتھ کثیرالجہتی فورمز (اقوامِ متحدہ وغیرہ) پر بھی دہشت گردی کے خلاف اتحاد کو فعال بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔