آبنائے ہرمز کے انتظام پر ایران اور عمان کے مذاکرات آخری مراحل میں داخل: عباس عراقچی
تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے انکشاف کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے انتظام سے متعلق ایران اور عمان کے درمیان جاری مذاکرات حتمی مراحل میں داخل ہو گئے ہیں۔
کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ تہران اور مسقط اس اہم بحری گزرگاہ سے مستقبل کے بحری سفر اور جہازوں کی محفوظ آمد و رفت کے لیے ایک نیا طریقہ کار حتمی شکل دینے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اس معاملے پر مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز کی صورت حال فروری میں امریکا اور اسرائیل کی بلااشتعال جنگ سے پہلے والی حالت پر بحال نہیں ہوگی۔
انہوں نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے نئے بحری راستے کے تحت ہی نقل و حرکت کی اجازت ہوگی، جو ماضی کے شمالی یا جنوبی راستوں سے مختلف ہوگا۔
انہوں نے زور دیا کہ ایران کو یہ یقینی بنانا ہے کہ اس گزرگاہ کو ان کے خلاف استعمال نہ کیا جائے جنہوں نے ملک پر جارحیت کی، اور یہ مذاکرات مکمل طور پر ایران اور عمان کے درمیان دوطرفہ نوعیت کے ہیں۔

