اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) نے نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے سادہ اکثریت حاصل کر لی ہے، تاہم پارٹی کی یہ فتح مخالفین کو ہضم نہیں ہو رہی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد اور لغو قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ الزامات لگانے والوں کو شواہد بھی پیش کرنے چاہئیں، اور اگر 2024 کے الیکشن پر سوال اٹھائے جائیں گے تو پھر سندھ کے انتخابی نتائج پر بھی سوالات اٹھیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے انتخابی عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور مسلم لیگ (ن) کے تعمیر و ترقی اور عوامی خدمت کے ٹریک ریکارڈ پر اعتماد کا اظہار کیا۔
انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ جس طرح وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کامیابی پر مبارکباد دے کر اعلیٰ جمہوری روایت قائم کی تھی، اسی طرح پیپلز پارٹی کو بھی آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کھلے دل سے تسلیم کرنی چاہیے۔ انہوں نے تمام سیاسی فریقین پر زور دیا کہ سیاست میں برداشت، تحمل اور جمہوری اقدار کو فروغ دیا جائے۔

