مسلح افواج ریلیف اور بحالی کے کاموں میں این ڈی ایم اے کی مدد کے لیے تیار ہیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر

اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج اور مسلح افواج ملک بھر میں ریلیف، ریسکیو اور بحالی کے کاموں میں سول انتظامیہ اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی مدد کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے این ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹر میں نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کا دورہ کیا۔ دورے کا بنیادی مقصد قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی نظام کا جائزہ لینا اور مون سون سیزن کے دوران بروقت ردعمل کے انتظامات کو مزید مضبوط بنانا تھا۔

دورے کے دوران چیئرمین این ڈی ایم اے نے فیلڈ مارشل کو این ای او سی کی آپریشنل صلاحیتوں، جدید ٹیکنالوجی پر مبنی نگرانی کے نظام اور "ڈیزاسٹر لینس 2026” پروگرام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کثیر خطرات، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی پیشگی نشاندہی کے لیے کس طرح جدید طریقہ کار اور وفاقی، صوبائی و ضلعی اداروں کا باہمی رابطہ استعمال کیا جا رہا ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قدرتی آفات سے نمٹنے کی قومی صلاحیت کو مضبوط بنانے پر این ڈی ایم اے کی کوششوں کی تعریف کی اور انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ اہم انفراسٹرکچر کے تحفظ کے لیے اعلیٰ ترین تیاری اور تیز ردعمل پر زور دیا۔