پورٹ آف اسپین: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے اور آخری میچ کے پہلے روز میزبان ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنا لیے ہیں۔
پورٹ آف اسپین میں کھیلے جا رہے اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بارش کی وجہ سے پہلے سیشن کا کھیل 15 منٹ تاخیر سے شروع ہوا اور صرف 9.5 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہو سکا، جس میں تیج نرائن چندرپال 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
دوسرے اور تیسرے سیشن میں پاکستانی بولرز نے میچ میں واپسی کی کوشش کی، تاہم ویسٹ انڈین بیٹرز نے ذمے دارانہ کھیل پیش کیا۔ برینڈن کنگ 46، کیوم ہوج 10، عامر جنگو 26 اور شائے ہوپ 29 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ شائے ہوپ اور جسٹن گریوز کے درمیان 53 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی۔
خراب روشنی کے باعث پہلے روز کا کھیل وقت سے قبل ختم کر دیا گیا، جس وقت جسٹن گریوز 64 اور کپتان روسٹن چیز 36 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔ پاکستان کی جانب سے محمد علی نے 2 جبکہ ساجد خان، ڈیبیو کرنے والے عبید شاہ اور علی عثمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم 4 تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتری ہے جہاں عبید شاہ اور اویس ظفر نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا، جنہیں بالترتیب محمد عباس اور بابر اعظم نے ڈیبیو کیپ پہنائی۔ عبداللہ شفیق اور ساجد خان کو بھی پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ دو میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 90 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

