بلوچستان: خاران میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی دراندازی ناکام بنا دی

کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے خاران میں سیکیورٹی فورسز نے فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا، جس کے بعد دہشت گرد بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی مسلسل اور مؤثر کارروائیوں کے باعث یہ عناصر اب میدان میں کارروائیوں کے بجائے سوشل میڈیا پر گمراہ کن پروپیگنڈا کرنے تک محدود ہو چکے ہیں۔

دہشت گرد مختلف علاقوں میں سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنا کر تصاویر اور ویڈیوز تیار کرتے ہیں تاکہ سوشل میڈیا کے ذریعے جھوٹا بیانیہ پھیلا سکیں۔

اسی مذموم مقصد کے تحت دہشت گردوں نے خاران میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی، تاہم سیکیورٹی فورسز کی سخت جوابی کارروائی پر وہ فوری طور پر راہِ فرار اختیار کر گئے۔ فرار کے دوران دہشت گردوں کی حواس باختہ فائرنگ اور شیلنگ کے نتیجے میں معصوم بچوں سمیت پانچ شہری زخمی ہو گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اپنے عزائم میں ناکامی کے بعد معصوم شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانا دہشت گردوں کی بوکھلاہٹ اور اخلاقی دیوالیہ پن کا واضح ثبوت ہے۔