یومِ استحصالِ کشمیر: مسلح افواج اور قیادت کا کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کیلئے غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ

اسلام آباد: بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی اور قانونی حیثیت کو یکطرفہ طور پر تبدیل کرنے اور آرٹیکل 370 اور 35A کی غير آئینی تنسیخ کے اقدام کو 7 برس مکمل ہونے پر پاکستان، آزاد کشمیر اور دنیا بھر میں کشمیری آج ’یومِ استحصال‘ منا رہے ہیں۔

اس موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاش و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور ایڈمرل نوید اشرف نے کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

عسکری قیادت نے واضح کیا کہ بھارت کے مسلسل غیر قانونی قبضے، بھارتی فوجی محاصرے اور وادی کا آبادیاتی تناسب تبدیل کرنے کی کوششوں پر شدید تشویش ہے، جبکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا انحصار اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل پر ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کشمیریوں کی حقِ خودارادیت کے لیے بے مثال قربانیوں اور بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام تنازع کے منصفانہ حل سے جڑا ہوا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تمام تر بھارتی مظالم اور شہری آزادیوں پر قدغنوں کے باوجود کشمیری عوام کا حوصلہ غیر متزلزل ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ محض تشویش کے اظہار سے آگے بڑھ کر ذمے دارانہ کردار ادا کرے۔

یومِ استحصال کی مناسبت سے اسلام آباد کی شاہراہِ دستور سمیت چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں خصوصی ریلیوں کا اہتمام کیا گیا ہے، جبکہ صبح 9 بجے سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔