کامن ویلتھ گیمز 2026: ارشد ندیم گولڈ میڈل کا دفاع کرنے میں ناکام، سری لنکا کے رومیش کا طلائی تمغہ

گلاسگو: کامن ویلتھ گیمز 2026 میں پاکستان کو بڑا دھچکا لگا ہے جہاں اسٹار جیولن تھرور اور دفاعی چیمپئن ارشد ندیم اپنے طلائی تمغے کا دفاع کرنے میں ناکام ہو گئے اور میڈل کی دوڑ سے باہر ہو گئے۔

گلاسگو میں کھیلے گئے مردوں کے جیولن تھرو مقابلوں کے فائنل میں 12 ایتھلیٹس کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ پاکستان کے ارشد ندیم کا آغاز مایوس کن رہا؛ ان کی پہلی تھرو فاؤل قرار پائی، جبکہ دوسری کوشش میں انہوں نے 77.41 میٹر اور تیسری کوشش میں 75.39 میٹر کی تھرو پھینکی۔

مقابلوں کے قوانین کے تحت ابتدائی تین تھروز کے بعد صرف ٹاپ 8 کھلاڑیوں کو اگلے مرحلے (مزید تین تھروز) کے لیے منتخب کیا جاتا ہے۔ ارشد ندیم 77.41 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ نویں نمبر پر رہے اور ٹاپ 8 میں جگہ نہ بنانے کے باعث مقابلے سے باہر ہو گئے۔

تمغوں کی تقسیم:

  • گولڈ میڈل: سری لنکا کے رومیش تھارانگا نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 89.75 میٹر کی شاندار تھرو کے ساتھ طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔
  • سلور میڈل: بھارت کے اسٹار ایتھلیٹ نیرج چوپڑا نے 85.83 میٹر کی تھرو پھینک کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔
  • برانز میڈل: بھارت ہی کے یش ویر سنگھ نے 85.41 میٹر کی تھرو کے ساتھ کاںسے کا تمغہ جیتا۔

واضح رہے کہ ارشد ندیم نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں 78.63 میٹر کی تھرو کے ساتھ فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا، تاہم فائنل میں وہ اپنی ماضی کی شاندار فارم کا مظاہرہ نہ کر سکے۔

2024 پیرس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ اور اولمپک ریکارڈ ہولڈر ارشد ندیم سے قوم کو بار دیگر گولڈ کی قوی امیدیں وابستہ تھیں، مگر وہ اس بار فائنل کے ابتدائی مرحلے ہی میں میڈل کی ریس سے باہر ہو گئے۔