ٹوکیو: جاپان کے جنوبی جزیرے کیوشو کے صوبے کوماموتو میں 7.1 شدت کا طاقتور زلزلہ آ گیا، جس کے نتیجے میں عمارتوں کو نقصان پہنچا اور کم از کم 50 افراد زخمی ہو گئے۔ زلزلے کے بعد ہزاروں گھروں کی بجلی منقطع ہو گئی جبکہ ریل سروسز شدید متاثر ہوئی ہیں۔
جاپانی محکمہ موسمیات نے زلزلے کے بعد ابتدائی طور پر ایک میٹر بلند لہروں پر مشتمل سونامی کی وارننگ جاری کی، تاہم سمندر میں کسی غیر معمولی سرگرمی کا مشاہدہ نہ ہونے پر دو گھنٹے بعد انتباہ واپس لے لیا گیا۔ زلزلے کے فوراً بعد کوماموتو، ناگاساکی، کاگوشیما، فوکوؤکا اور میازاکی سمیت کئی صوبوں میں ہنگامی زلزلہ الرٹ جاری کر دیا گیا۔
جاپانی وزیر اعظم سانائے تاکائیچی نے بتایا کہ زلزلے سے بنیادی ڈھانچے، سڑکوں، پلوں اور عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ مختلف مقامات پر آگ لگنے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ حکومت جانی و مالی نقصانات کی مکمل تفصیلات اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لے رہی ہے۔
- کیوشو الیکٹرک پاور کمپنی کے مطابق زلزلے کے باعث خطے میں تقریباً 40 ہزار گھر بجلی سے محروم ہو گئے۔
- جے آر کیوشو نے حفاظتی تدابیر کے تحت تیز رفتار بلٹ ٹرین (شنکانسن) سمیت تمام ریل سروسز معطل کر دی ہیں۔
- صنعتی شعبے میں سونی (Sony) اور چپ ساز کمپنی TSMC جیسے بڑے پیداواری مراکز اپنے کارخانوں میں حفاظتی اور تکنیکی جائزہ لے رہے ہیں۔
جاپان کے ایٹمی ریگولیٹری ادارے نے تصدیق کی ہے کہ متاثرہ خطے کے جوہری بجلی گھر مکمل طور پر محفوظ ہیں اور وہاں کسی قسم کے نقصان یا تابکاری کے اخراج کے شواہد نہیں ملے۔
واضح رہے کہ جاپان بحرالکاہل کے "رنگ آف فائر” پر واقع ہونے کے باعث اکثر زلزلوں کا نشانہ بنتا ہے اور دنیا کے 6 شدت سے زائد کے تقریباً 20 فیصد زلزلے اسی خطے میں ریکارڈ کیے جاتے ہیں۔

