حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں پھر اضافہ کر دیا

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی تجویز پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کا اعلان کر دیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن پیٹرولیم ڈویژن نے جاری کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 1 روپیہ 63 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 335 روپے 81 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔

ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپیہ 55 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس سے اس کی نئی قیمت 388 روپے 38 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ مٹی کا تیل بھی 53 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو کر 303 روپے 63 پیسے فی لیٹر کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔

وزارتِ توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 29 جولائی 2026ء کے لیے رات 12 بجے سے نافذ العمل ہوگا۔

واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ روز ہی پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے کی کمی کی تھی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 37 پیسے کا اضافہ کیا تھا، تاہم 29 جولائی کے لیے جاری کردہ نئے نوٹیفکیشن میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ کر دیا گیا ہے۔