کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

اسلام آباد: کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزارتِ امورِ خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری (مشرقِ وسطیٰ) زاہد حسین نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔

دورے کے دوران کویتی وزیر خارجہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت ملک کی اعلیٰ سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، مشترکہ تاریخ اور قریبی تعاون کا مظہر ہے، جبکہ اس سے قبل ٹیلی فونک رابطے کے دوران کویتی وزیر خارجہ نے خطے میں مکالمے کے فروغ اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو بھی سراہا تھا۔