اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹریٹجک ذخائر (Strategic Reserves) بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعظم کی زیرِ صدارت منعقدہ کابینہ کمیٹی برائے توانائی (CCOE) کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وفاقی وزراء احد چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، احسن اقبال اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو آئل ریفائنریز کی اَپ گریڈیشن اور توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئل ریفائنریز کی اَپ گریڈیشن وقت کی اہم ضرورت اور ملک کے توانائی تحفظ کا اہم ستون ہے۔
جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ریفائنریز نہ صرف خام تیل اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کریں گی بلکہ ماحول دوست یورو-5 (Euro-V) معیار کے پیٹرول اور ڈیزل کی پیداوار یقینی بنا کر فضائی آلودگی میں کمی کا باعث بنیں گی۔
وزیراعظم نے براؤن فیلڈ ریفائنریز کی اَپ گریڈیشن پالیسی کی ترویج اور بیرونی سرمایہ کاری کی جلب کے لیے قطر، سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں روڈ شوز منعقد کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے اوگرا (OGRA) کی کارکردگی بہتر بنانے، شفافیت اور مسابقت کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے واضح کیا کہ پالیسی کے نفاذ اور اصلاحات میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

