اسلام آباد: حکومت نے 28 جولائی کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں معمولی کمی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے۔
وزارتِ پیٹرولیم اور اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق:
- پیٹرول: فی لیٹر قیمت میں 1 روپے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 334 روپے 18 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔ (سابقہ قیمت: 335 روپے 18 پیسے)
- ہائی اسپیڈ ڈیزل: فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 37 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 386 روپے 83 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔ (سابقہ قیمت: 383 روپے 46 پیسے)
اوگرا کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے اگلے 24 گھنٹوں (28 جولائی) کے لیے ہو گا۔
اس سے قبل وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ عالمی حالات میں بہتری کے اثرات جلد مقامی مارکیٹ پر نظر آئیں گے اور قیمتوں میں مزید کمی آئے گی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ باب المندب میں پھنسے پاکستان کے تیل بردار جہاز بحفاظت نکل آئے ہیں، جس سے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی سے متعلق تمام خدشات دور ہو گئے ہیں۔

