امریکی ایوانِ نمائندگان کے وفد کی جی ایچ کیو میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات؛ علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال
راولپنڈی: امریکی ایوانِ نمائندگان کے وفد نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی ہے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، دوطرفہ دفاعی اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکی ایوانِ نمائندگان کے رکن ریان کیتھ زنکے (ریاست مونٹانا) اور مائیکل جیمز (ریاست واشنگٹن) پر مشتمل وفد نے عسکری قیادت سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی وسیع اقتصادی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے زور دیا کہ پائیدار علاقائی استحکام کا دارومدار معاشی ترقی، تجارت کے فروغ اور علاقائی روابط پر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان ملک میں کاروبار دوست ماحول اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مختلف ساختی اصلاحات پر تیزی سے عمل پیرا ہے۔
امریکی اراکینِ کانگریس نے علاقائی استحکام اور اقتصادی مضبوطی کے لیے پاکستان کے اہم کردار کو سراہا۔ دونوں جانب سے نجی شعبے کی شراکت داری، باہمی تجارتی تعلقات اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
امریکی وفد نے پُرتپاک میزبانی پر عسکری قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور ادارہ جاتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

