آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات: میرپور ڈویژن کے غیر حتمی نتائج میں ن لیگ اور پی پی پی کے درمیان کانٹے دار مقابلہ
میرپور: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے پہلے مرحلے کے انتخابات میں میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، جہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے درمیان سخت اور کانٹے دار مقابلہ دیکھا جا رہا ہے۔
انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے 13 انتخابی حلقوں میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہوا۔ پولنگ صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہی۔ ڈویژن بھر میں 14 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز کے لیے 2 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے، جہاں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
اہم حلقوں کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج:
- ایل اے 2 میرپور 2: تمام 149 پولنگ اسٹیشنز کے مکمل غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے قاسم مجید 12,904 ووٹ حاصل کر کے کامیاب رہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے عظیم بخش چوہدری 8,182 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
- ایل اے 3 میرپور 3: تمام 161 پولنگ اسٹیشنز کے مکمل نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسر سلطان 11,676 ووٹ لے کر فتح یاب ہوئے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد سعید 9,832 ووٹ حاصل کر سکے۔
- ایل اے 4 میرپور 4: تمام 162 پولنگ اسٹیشنز کے مکمل غیر حتمی نتائج کے تحت مسلم لیگ (ن) کے چوہدری رخسار احمد 20,172 ووٹ لے کر نمایاں کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہے، جبکہ پی پی پی کے چوہدری صہیب ارشد 13,865 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
دیگر غیر مکمل حلقوں کے موصول ہونے والے ابتدائی نتائج کے مطابق ایل اے 1 میرپور، ایل اے 5 و ایل اے 6 بھمبر، اور ایل اے 9 و ایل اے 13 کوٹلی میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو برتری حاصل ہے، جبکہ ایل اے 8، ایل اے 10، ایل اے 11 اور ایل اے 12 کوٹلی میں پیپلز پارٹی کے امیدوار پیش پیش ہیں۔
انتخابات کے دوران الیکشن کمیشن نے کوٹلی میں ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیتے ہوئے دو پریزائیڈنگ افسران کو گرفتار کروا کر معطل کر دیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق دونوں افسران پولنگ اسٹیشن کے بجائے نجی رہائش گاہ میں موجود تھے، جس پر ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی۔ چیف الیکشن کمیشن اور چیف سیکریٹری آزاد کشمیر نے واضح کیا کہ انتخابی عمل میں بے ضابطگی یا غفلت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

