راولپنڈی: فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی پانے والے جنرل سید عامر رضا نے بطور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ اپنے منصب کا چارج سنبھال لیا ہے۔ اس موقع پر انہیں جنرل ہیڈکوارٹرز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے جی ایچ کیو میں یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور وطنِ عزیز کی دفاع و سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی بالخصوص خراجِ عقیدت پیش کیا۔
منصب سنبھالنے کے بعد جنرل سید عامر رضا نے جی ایچ کیو میں چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں پیشہ ورانہ امور اور نئی ذمہ داریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیلڈ مارشل نے جنرل سید عامر رضا کو فور اسٹار عہدے پر ترقی اور اہم کمان سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حال ہی میں چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دیتے ہوئے کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ مقرر کیا تھا۔
1988 میں کمیشن حاصل کرنے والے جنرل عامر رضا کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ، این ڈی یو اسلام آباد اور برطانیہ کی یونیورسٹی آف نوٹنگھم سے فارغ التحصیل ہیں۔ وہ اس سے قبل کمانڈر 4 کور اور چیئرمین ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (HIT) کے اہم عہدوں پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

