ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2027 کا فائنل لارڈز سے منتقل

لندن: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے تصدیق کی ہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (WTC) 2027 کا فائنل لارڈز کے بجائے لندن کے تاریخی میدان ‘دی اوول’ میں کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی کے مطابق یہ معرکہ 9 جون سے 13 جون 2027 تک منعقد ہوگا۔

فائنل کو لارڈز سے دی اوول منتقل کرنے کی بنیادی وجہ گزشتہ ماہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ کے دوران لارڈز کی پچ کا غیر تسلی بخش معیار بنا، جس پر آئی سی سی نے لارڈز کو تاریخ میں پہلی بار ڈی میرٹ پوائنٹ دیا تھا۔

اس کے علاوہ لارڈز میں فائنل اور ایشز ٹیسٹ کے درمیان کم وقفے کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔ لارڈز کی انتظامیہ (MCC) فی الوقت اپنی پچز کے معیار کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ 2029 کے فائنل کی میزبانی حاصل کی جا سکے۔

یہ دوسرا موقع ہوگا کہ دی اوول ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی میزبانی کرے گا۔ اس سے قبل 2023 میں آسٹریلیا نے اسی میدان پر بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل جیتا تھا۔

یاد رہے کہ WTC کا پہلا فائنل (2021) ساؤتھمپٹن، دوسرا (2023) دی اوول اور تیسرا (2025) لارڈز میں کھیلا گیا تھا، جبکہ 2027، 2029 اور 2031 کے فائنلز کی میزبانی کے حقوق بھی انگلینڈ کے پاس ہی ہیں۔