آزاد کشمیر انتخابات: میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں انتخابی مہم کا وقت ختم، سامان کی ترسیل مکمل، سیکیورٹی ہائی الرٹ
میرپور: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے تین اضلاع (میرپور، کوٹلی اور بھمبھر) کے 13 حلقوں میں عام انتخابات کے لیے پولنگ 27 جولائی کو ہوگی۔ الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق ووٹنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
ان 13 حلقوں میں مجموعی طور پر 14 لاکھ 1 ہزار 439 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ انتخابی میدان میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی اور استحکام پاکستان پارٹی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد حیثیت میں 296 امیدوار آمنے سامنے ہیں۔
بالخصوص ایل اے 3 میرپور، ایل اے 6 بھمبھر اور ایل اے 10 کوٹلی میں اہم سیاسی جماعتوں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر و سیشن جج جہانگیر احمد جرال کے مطابق میرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 2,454 پولنگ اسٹیشنز اور 1,011 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔
ووٹنگ کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے صرف اصل قومی شناختی کارڈ ساتھ لانے کی شرط عائد کی گئی ہے اور نتائج کی تیاری فارم 26 پر مکمل کی جائے گی۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن راجہ شکیل خان نے بتایا کہ پہلے مرحلے کے لیے 22 ہزار سے زائد انتخابی اہلکار اور پولیس، رینجرز اور فیڈرل کانسٹیبلری کے سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر بائیکاٹ سے متعلق گردش کرنے والی پرانی ویڈیوز اور افواہوں کو رد کرتے ہوئے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ بغیر کسی خوف کے اپنا جمہوری حق استعمال کریں۔

