کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات میں اپنی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ن) کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اپنے تمام امیدواروں کو ن لیگ کے حق میں دستبردار کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس بات کا اعلان ایم کیو ایم کے سینیئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن کی سربراہی میں آئے وفد سے بہادر آباد مرکز میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
مسلم لیگ ن کا وفد، جس میں وفاقی وزیر کھیئل داس کوہستانی اور نعیم الحق شامل تھے، حمایت کی درخواست کے لیے ایم کیو ایم مرکز پہنچا تھا۔
ملاقات کے دوران آزاد کشمیر انتخابات، ملکی اور صوبائی سیاسی صورتحال اور ورکنگ ریلیشن شپ پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
میڈیا سے گفتگو میں فاروق ستار کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں طاقت کے اشتراک سے کامیابی یقینی ہوگی، ن لیگ کی جیت ایم کیو ایم کی جیت ہوگی۔
حمایت کے اعلان کے ساتھ ایم کیو ایم نے مسلم لیگ ن کے سامنے اپنے تین بنیادی مطالبات بھی رکھے۔ ان مطالبات میں آئین کے آرٹیکل 140 اے کے تحت بلدیاتی نمائندوں سے متعلق مجوزہ آئینی ترمیمی بل کو اسمبلی میں لانا، سندھ کی شہری اکثریت کی بنیاد پر سندھ میں ایم کیو ایم کا گورنر مقرر کرنا، اور آزاد کشمیر میں کامیابی کے بعد حکومت سازی میں ایم کیو ایم کو شامل کرنا شامل ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما بشیر میمن نے ایم کیو ایم کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اتحادی جماعتیں مل کر آزاد کشمیر کے الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ گورنر شپ اور دیگر سیاسی مسائل پر باہمی تعاون جاری رہے گا۔

