بلوچستان میں ‘آپریشن العزم’ کے تحت سیکیورٹی فورسز کی کارروائی؛ ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 13 ہو گئی

مستونگ: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جاری ‘آپریشن العزم’ کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں مزید پیش رفت سامنے آئی ہے۔

ضلع مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں فورسز کے کامیاب آپریشن کے دوران مزید دہشت گردوں کی ہلاکت کے بعد اب تک ہلاک ہونے والے شرپسندوں کی مجموعی تعداد 13 ہو گئی ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گرد تنظیم ‘فتنۃ الہندوستان’ کے متعدد ٹھکانوں اور کمین گاہوں کو تباہ کر دیا گیا ہے، جبکہ موقع سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور آئی ای ڈی (IED) تیار کرنے کا سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ آپریشن میں فتنۃ الہندوستان کے کئی دہشت گرد شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل اسی علاقے میں گزشتہ روز کی کارروائی کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک اور ان کی موٹر سائیکلیں ضبط کی گئی تھیں، جس کے بعد مسلسل جاری سرچ آپریشن میں مزید دہشت گرد انجام کو پہنچائے گئے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ‘آپریشن العزم’ کے تحت سیکیورٹی فورسز کے ان مسلسل اور مؤثر آپریشنز پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا ہے اور بلوچستان میں مکمل امن و امان کے قیام تک یہ آپریشن بلا تعطل جاری رہیں گے۔