اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل پانچویں روز بھی اضافہ کر دیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے طے شدہ طریقہ کار کے تحت 25 جولائی 2026 کے لیے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 3 روپے 66 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 335 روپے 18 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 80 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 383 روپے 46 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے گزشتہ روز بھی پیٹرول کی قیمت میں 4.40 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 3.62 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔
روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا نیا نظام نافذ ہونے کے بعد سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 24 روپے 47 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 60 روپے 16 پیسے فی لیٹر کا بھاری اضافہ ہو چکا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق ان نئی قیمتوں کا اطلاق 25 جولائی سے ملک بھر میں ہو گا۔

