مستونگ: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ایک کامیاب اور مؤثر آپریشن کرتے ہوئے ‘فتنۃ الہندوستان’ کے 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ‘عزمِ استحکام’ مہم کے تحت کی جانے والی اس کارروائی میں ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید ترین اسلحہ، گولہ بارود اور ان کے زیرِ استعمال موٹر سائیکلیں بھی ضبط کر لی گئی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ کارروائی کے دوران فتنۃ الہندوستان کے متعدد دہشت گرد شدید زخمی بھی ہوئے ہیں، جبکہ دہشت گردوں کی سہولت کاری میں ملوث متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد علاقے کی مکمل نگرانی اور ممکنہ دیگر شرپسندوں کے خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن مسلسل جاری ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کو اس کامیاب آپریشن پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیرِ داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ فتنۃ الہندوستان اور فتنۃ الخوارج کا گٹھ جوڑ ملک کا امن تباہ نہیں کر سکتا اور پورا ملک اپنی افواج کے ساتھ کھڑا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی ادارے صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں اور امن دشمنوں کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔

