میرپور (آزاد کشمیر): پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے آزاد کشمیر کے شہر میرپور میں ایک بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے الیکشن مہم کے سلسلے میں متعدد ترقیاتی منصوبوں اور اعلانات کا سلسلہ جاری رکھا۔
اس موقع پر پیپلزپارٹی کے چیئرمین پر سیاسی طنز کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ "بلاول برخوردار بات کا برا نہ ماننا، سیاست میں نوک جھونک ہونی چاہیے مگر لڑائی اور مار کٹائی نہیں ہونی چاہیے۔ کشمیر کو کشمور اور میرپور کو میرپور خاص نہ سمجھنا۔”
نواز شریف نے خطاب میں کہا کہ آزاد کشمیر ان کا پہلا گھر ہے اور ان کے دورِ حکومت کے بعد آنے والی حکومتوں نے خطے کی ترقی کے لیے کچھ نہیں کیا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ ن لیگ اقتدار میں آ کر میرپور میں بین الاقوامی ایئرپورٹ قائم کرے گی، اسلام آباد تا مری ایکسپریس وے کو مظفرآباد تک بڑھایا جائے گا، اور مانسہرہ، مظفرآباد تا میرپور موٹروے کا منصوبہ مکمل کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ لوہار گلی اور لیپا ویلی میں ٹنلز، کوٹلی نکیال روڈ کو دو رویہ کرنے اور ہر گھر تک سوئی گیس پہنچانے کے وعدے بھی کیے گئے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی طرز پر آزاد کشمیر میں بھی دل اور کینسر کے جدید اسپتال، ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
مریم نواز کی جانب سے میرپور کے لیے الیکٹرک بسیں اور 10 موبائل اسپتال (کلینک آن وہیلز) لانے کا اعلان بھی کیا گیا۔
تاہم، دوسری جانب تجزیہ کاروں اور اپوزیشن حلقوں نے الیکشن کے موقع پر پنجاب اور وفاقی وسائل کو آزاد کشمیر کی مہم میں استعمال کرنے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے اسے قبل از انتخابات اثر انداز ہونے کی کوشش قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کے مطابق میرپور ڈویژن میں پولنگ 27 جولائی کو ہوگی، جبکہ دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کے اندر 2 اگست کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔

