وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے پاکستان کے سب سے بڑے ڈیٹا سینٹر اور اے آئی کلاؤڈ ‘اسکائی 47 قراقرم ون’ کا افتتاح کر دیا

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے سب سے بڑے ڈیٹا سینٹر اور اے آئی کلاؤڈ "اسکائی 47 قراقرم ون” (Sky47 Karakoram-1) کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔

یہ منصوبہ ملک میں کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ڈیٹا ہوسٹنگ اور ڈیجیٹل سروسز کے فروغ اور ٹیکنالوجی کے میدان میں خود انحصاری کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسکائی 47 جیسے منصوبے پاکستان کے شاندار اور متحرک مستقبل کی ضمانت ہیں اور یہ ملک کو ناقابلِ تسخیر سیکیورٹی فراہم کریں گے۔

انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بصیرت افروز قیادت، وفاقی وزارتِ آئی ٹی اور چینی شراکت دار کمپنی ‘زیڈ ٹی ای’ (ZTE) کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اسی نوعیت کے جدید ڈیٹا سینٹرز جلد کراچی اور لاہور میں بھی قائم کیے جائیں گے اور تمام سرکاری اداروں کو اس سسٹم سے منسلک کیا جائے گا۔

تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیرِ انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ اسکائی 47 کا قیام پاکستان میں مصنوعی ذہانت (AI) کے ایک نئے معاشی دور کا آغاز ہے، جس میں جدید ترین اسٹوریج، جی پی یوز (GPUs) اور ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ سسٹمز دستیاب ہوں گے۔

سی ای او اسکائی 47 حسن عباس نے بتایا کہ یہ ڈیٹا سینٹر ملک میں تیزی سے بڑھتے ہوئے ای کامرس اور ڈیجیٹل شعبے کے لیے ایک انتہائی مضبوط اور محفوظ بنیاد فراہم کرے گا۔

یہ نیا ڈیٹا سینٹر حساس قومی و تجارتی معلومات کو محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ مشین لرننگ اور مصنوعی ذہانت کے جدید تقاضوں کو پورا کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔