پولیو کے خلاف جنگ میں اہم پیش رفت؛ پاکستان کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی شرح میں نمایاں کمی

اسلام آباد: پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی قومی مہم کے لیے ایک انتہائی مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ملک کے مختلف اضلاع سے حاصل کیے گئے ماحولیاتی نمونوں (Environmental Samples) میں پولیو وائرس کی مثبت شرح میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (National EOC) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، جون 2026 کے دوران ملک بھر سے مجموعی طور پر 127 ماحولیاتی نمونے حاصل کیے گئے، جن میں سے 117 نمونوں میں پولیو وائرس منفی (Negative) قرار دیا گیا جبکہ صرف 10 نمونوں میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔

رواں سال (2026) کے پہلے 6 ماہ کے دوران پولیو وائرس کی ماحولیاتی مثبت شرح 48.1 فیصد سے واضح طور پر کم ہو کر 13.1 فیصد پر آ گئی ہے، جبکہ مثبت نمونوں کی مجموعی تعداد بھی 369 سے گھٹ کر 100 رہ گئی ہے۔

صوبائی بنیادوں پر دیکھے گئے نتائج کے مطابق، صوبہ پنجاب سے حاصل کیے گئے تمام 31 ماحولیاتی نمونے پولیو وائرس سے مکمل طور پر پاک پائے گئے۔

سندھ کے 29 میں سے 28، خیبرپختونخوا کے 34 میں سے 30 اور بلوچستان کے 23 میں سے 18 ماحولیاتی نمونے منفی قرار دیے گئے۔

نیشنل ای او سی کے مطابق، سال 2026 میں اب تک ملک بھر سے پولیو کے صرف 3 انسانی کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

نیشنل ای او سی کے حکام کا کہنا ہے کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے ماحولیاتی نگرانی، ویکسی نیشن کوریج اور دور دراز علاقوں تک رسائی کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔

حکام نے تمام والدین پر زور دیا ہے کہ وہ 5 سال سے کم عمر کے ہر بچے کو ہر انسدادِ پولیو مہم کے دوران پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلائیں تاکہ ملک کو اس مہلک بیماری سے پاک کیا جا سکے۔