پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل چوتھے روز بھی اضافہ

اسلام آباد: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل تلاطم کے باعث حکومت اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل چوتھے روز بھی اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے 24 جولائی کے لیے جاری کردہ تازہ ترین نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر ملک بھر کے پیٹرول پمپس پر ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 40 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 331 روپے 52 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 62 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 378 روپے 66 پیسے فی لیٹر کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے اس سے ایک روز قبل بھی پیٹرول میں 6 روپے 39 پیسے اور ڈیزل میں 7 روپے 83 پیسے کا اضافہ کیا تھا۔