راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع سوراب اور مستونگ میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد نیٹ ورکس ‘فتنہ الہندوستان’ اور ‘فتنہ الخوارج’ کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ آپریشن کے دوران 2 خطرناک خاتون خودکش بمباروں اور ان کے ایک سہولت کار کو زندہ گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، گزشتہ 48 گھنٹوں میں کی جانے والی ان کارروائیوں کے دوران ضلع سوراب میں 7 جبکہ ضلع مستونگ میں 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔
مستونگ سے گرفتار کی جانے والی دونوں خاتون خودکش بمباروں کا تعلق ‘فتنہ الہندوستان’ سے ہے۔
فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (IEDs) برآمد کر لیا ہے، جبکہ علاقے کو پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن اور کلیئرنس آپریشنز تاحال جاری ہیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کی اس شاندار اور باہمت کارروائی کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے 2 خاتون خودکش بمباروں کو گرفتار کر کے اور دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو تباہ کر کے ایک بڑا حادثہ ٹالا ہے۔
انہوں نے اعادہ کیا کہ کسی کو بھی بلوچستان کا امن، ترقی اور خوشحالی تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔

