نواز شریف کا آزاد کشمیر کا وزیراعظم بننے کی خواہش کا اظہار، کامیابی پر بجٹ 10 گنا بڑھائیں گے

مظفر آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے مظفر آباد میں ایک عظیم الشان انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کو کامیابی ملتی ہے تو ان کا دل چاہتا ہے کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف سے کہہ کر خود آزاد کشمیر کا وزیراعظم بن جائیں۔

انہوں نے آزاد کشمیر کو اپنا دوسرا گھر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بزرگ کشمیر سے ہجرت کر کے آئے تھے اور ان کے لیے آزاد کشمیر بھی اتنا ہی عزیز ہے جتنا پنجاب یا پاکستان کا کوئی دوسرا صوبہ ہے۔

نواز شریف نے اعلان کیا کہ اگر آزاد کشمیر میں ان کی پارٹی کی حکومت قائم ہوئی تو تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اپنے دورِ حکومت میں انہوں نے آزاد کشمیر کا بجٹ دوگنا کیا تھا اور اب موقع ملا تو اس بجٹ کو 10 گنا تک بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ چاہے وزیراعظم بنیں یا نہ بنیں، لیکن الیکشن میں کامیابی کے بعد وہ ہر تین ماہ بعد خود آزاد کشمیر کے اضلاع کا دورہ کر کے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔

سابق وزیراعظم نے پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز سے مشاورت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو ترقیاتی ماڈل پنجاب میں جاری ہے، وہی مظفر آباد اور آزاد کشمیر میں لایا جائے گا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ چند دنوں میں پنجاب حکومت کی جانب سے مظفر آباد کے لیے 10 ایئرکنڈیشنڈ الیکٹرک ‘گرین بسیں’ اور دور دراز علاقوں کے لیے 15 جدید ‘موبائل اسپتال’ فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ کوہالہ، مانسہرہ، مظفر آباد اور میرپور کو ملا کر جدید موٹروے کا جڑواں منصوبہ بھی دوبارہ شروع کیا جائے گا۔

نواز شریف نے پچھلی حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کے بعد آنے والوں نے صرف نعرے بازی کی اور ملک کا وقت ضائع کیا۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آ کر تمام پچھلی کسر نکال دے گی اور مظفر آباد کو پاکستان کے جدید ترین شہروں کے ہم پلہ بنائے گی۔