پینٹاگون کی ایران کے خلاف جنگ میں دو ہفتوں کے دوران 100 امریکی فوجیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ

واشنگٹن: امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے باقاعدہ تصدیق کی ہے کہ ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں اور جواب میں ہونے والے حملوں کے دوران گزشتہ دو ہفتوں میں تقریباً 100 امریکی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔

پینٹاگون کے ترجمان شان پارنیل نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 7 جولائی سے اب تک 100 کے قریب امریکی اہلکاروں کو مختلف نوعیت کے زخم آئے ہیں، تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان میں سے 96 فیصد فوجی ابتدائی طبی امداد کے بعد اپنی ڈیوٹیوں پر واپس آ چکے ہیں۔

پینٹاگون کا یہ اعتراف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی فوج نے جمعہ کے روز ایرانی حملوں میں ہلاک ہونے والے 2 فوجیوں کی شناخت ظاہر کی ہے۔

سرکاری حکام کے مطابق 28 فروری سے اب تک خطے میں 14 امریکی فوجی ہلاک اور 427 زخمی ہو چکے ہیں، تاہم شمالی عراق اور اردن میں امریکی فوجی اڈوں پر ایران کے پے در پے میزائل و ڈرون حملوں کے بعد ہلاکتوں میں مزید اضافے کا شدید خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی فوج اردن میں حملے کی جگہ سے ملنے والے ناقابلِ شناخت انسانی اعضا کا فرانزک تجزیہ کر رہی ہے، جو اس بات کی جانب اشارہ ہے کہ حتمی ہلاکتیں کہیں زیادہ ہو سکتی ہیں۔

امریکا اس سے قبل 3 فوجیوں کی ہلاکت اور 1 کے لاپتا ہونے کا اعتراف کر چکا ہے، جبکہ 18 جولائی کو شمالی عراق میں بھی ایک امریکی فوجی کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی تھی۔

دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب نے بھی کویت اور بحرین میں امریکی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، جس سے خطے میں جاری کشیدگی میں مزید شدّت آ گئی ہے۔