اسلام آباد: پاکستان نے ملک میں بجلی کے شارٹ فال اور گیس کی شارٹج پر قابو پانے کے لیے جولائی کے مہینے کا ایک اور اسپاٹ ایل این جی کارگو ریکارڈ مہنگے داموں خرید لیا ہے۔
پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) ذرائع کے مطابق، یہ اسپاٹ کارگو 21.88 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو (MMBtu) کی بلند ترین شرح پر خریدا گیا ہے، جو کہ رواں ماہ جولائی کے دوران خریدا جانے والا اب تک کا مہنگا ترین ایل این جی کارگو ہے۔
پی ایل ایل ذرائع کا کہنا ہے کہ ادارے کی جانب سے 27 اور 28 جولائی کی ترسیل کے لیے بین الاقوامی سطح پر ٹینڈر جاری کیا گیا تھا۔
تاہم عالمی منڈی کی عدم استحکام اور سپلائی چین کے مسائل کے باعث اس ٹینڈر کے لیے صرف ایک ہی عالمی کمپنی کی جانب سے بولی موصول ہوئی، جسے پی ایل ایل بورڈ نے حتمی منظوری دیدی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے جولائی کے لیے ہی ایک اور ایل این جی اسپاٹ کارگو 20.69 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کے ریٹ پر حاصل کیا تھا۔ عالمی منڈی میں قیمتوں کے اس مسلسل اضافے کے باعث ملک کے آئل اینڈ گیس اور توانائی کے شعبے پر مالی بوجھ مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

