پاک کینیڈا تعلقات کا نیا باب؛ کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند کی وزیراعظم، نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ سے ملاقاتیں، اہم معاہدوں پر اتفاق

اسلام آباد: کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند اپنے اہم سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں جہاں انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے الگ الگ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔

ان ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، انسدادِ دہشت گردی، انسانی اسمگلنگ، اور علاقائی و عالمی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وزارتِ خارجہ میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور کینیڈین وزیر خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاکستان کینیڈا کی جانب سے تعلیم، توانائی، کان کنی اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران اسحاق ڈار نے جموں و کشمیر کا مسئلہ اور بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے (IWT) کو معطل کرنے کی خطرناک پیش رفت پر عالمی برادری اور دوست ممالک کے کردار کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان زراعت، قابلِ تجدید توانائی، آٹو پارٹس اور ایگری فوڈز میں تعاوان بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ کینیڈین وزیر خارجہ نے اپنے وزیراعظم مارک کارنی کا خیرسگالی پیغام پہنچایا۔

ملاقات کے بعد کینیڈا سے پاکستان کو کینولا کی در آمد کے لیے "فائٹو سینیٹری ضوابط” کے پروٹوکول پر دستخط کی تقریب ہوئی، جس پر اسحاق ڈار اور انیتا آنند نے دستخط کیے، جبکہ فارن انویسٹمنٹ پروموشن اینڈ پروٹیکشن ایگریمنٹ کو جلد حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق ہوا۔

وزارتِ داخلہ آمد پر وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے ملاقات میں غیر قانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ، سائبر کرائمز کے خاتمے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹریننگ و ایکسچینج پروگرامز پر تبادلہ خیال ہوا۔

کینیڈا کی وزیر خارجہ نے اعلان کیا کہ ان کا ملک اقوامِ متحدہ اور انٹرپول کے ذریعے پاکستان کے انسدادِ دہشت گردی اقدامات کی حمایت جاری رکھے گا اور جلد اس حوالے سے مشترکہ ایم او یو (MoU) پر دستخط کیے جائیں گے۔

دونوں ممالک نے تسلیم کیا کہ کینیڈا میں مقیم متحرک پاکستانی برادری دونوں اقوام کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔