سرکاری ملازمتوں کے شوق میں نمایاں کمی؛ 4 سال میں سی ایس ایس امیدواروں کی تعداد 48 فیصد گر گئی

اسلام آباد: پاکستان میں بیوروکریسی اور وفاقی سرکاری ملازمتوں کے حصول کے رجحان میں ایک نمایاں کمی سامنے آئی ہے۔

فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) کے جاری کردہ تجزیاتی اعداد و شمار کے مطابق، سینٹرل سپیریئر سروسز (سی ایس ایس) کے امتحانات کے لیے رجسٹریشن کرانے والے امیدواروں کی تعداد گزشتہ 4 برسوں کے دوران تقریباً 48 فیصد تک کم ہو گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، سال 2022 میں سی ایس ایس کے لیے رجسٹرڈ امیدواروں کی تعداد 35,059 تھی جو سال 2025 میں واضح کمی کے بعد صرف 18,139 رہ گئی۔

اسی طرح امتحانات میں عملاً شریک ہونے والے امیدواروں کی تعداد بھی 20,262 سے گھٹ کر 12,792 تک آ گئی ہے۔

درخواست گزاروں کی تعداد میں اس بڑی کمی کے باوجود حتمی طور پر منتخب ہونے والے امیدواروں کا کوٹہ بھی محدود رہا، جو 2022 میں 239 سے کم ہو کر 2025 میں محض 170 رہ گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق، 2025 میں سی ایس ایس کے کل رجسٹرڈ امیدواروں میں سے صرف 0.94 فیصد، جبکہ امتحانات میں شریک ہونے والوں میں سے 1.33 فیصد امیدوار ہی بیوروکریسی کے لیے نامزد ہو سکے۔

اس کے برعکس 2022 میں یہ شرح رجسٹرڈ امیدواروں کے لحاظ سے 0.68 فیصد اور شریک امیدواروں کے لحاظ سے 1.81 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔

تاہم، ایک مثبت پہلو یہ دیکھا گیا کہ 2023 میں رجسٹرڈ امیدواروں میں سے صرف 45 فیصد امتحان میں بیٹھے تھے، لیکن 2025 میں امتحان دینے کی یہ شرح بڑھ کر 71 فیصد تک پہنچ گئی۔

سی ایس ایس کے ساتھ ساتھ وفاقی حکومت کی عمومی سرکاری ملازمتوں میں بھی امیدواروں کی دلچسپی چند برس قبل کے مقابلے میں نمایاں کم ہوئی ہے۔

ایف پی ایس سی کے مطابق، عمومی بھرتیوں کے لیے رجسٹریشن کی تعداد سال 2023 میں 436,757 کی بلند ترین سطح پر تھی، جو صرف دو سال کے عرصے میں 55 فیصد سے زائد کی گراوٹ کے ساتھ سال 2025 میں 196,193 رہ گئی۔

اسی طرح امتحانات میں شرکت کرنے والے امیدوار بھی 199,234 سے کم ہو کر 80,633 رہ گئے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ درخواست گزاروں کی تعداد کم ہونے کے باوجود محدود نشستوں کے باعث مقابلہ اب بھی انتہائی سخت ہے کیونکہ 2025 میں بھی تقریباً 18 ہزار امیدوار صرف 170 سی ایس ایس نشستوں کے لیے مدمقابل تھے، جبکہ عمومی بھرتیوں میں بھی دو لاکھ کے قریب درخواست گزار محض 3,005 دستیاب اسامیوں کے لیے ہارڈ کمپٹیشن کا حصہ تھے۔