بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن نورین نیازی کا پاک فوج اور ‘معرکہ حق’ کے خلاف انتہائی شرمناک بیان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی کا افواجِ پاکستان اور ملکی دفاعی تزویرات کے حوالے سے ایک انتہائی متنازع اور شرمناک بیان سامنے آیا ہے، جس نے سیاسی اور دفاعی حلقوں میں ایک نیا ہنگامہ کھڑا کر دیا ہے۔

ایک ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم اور یوٹیوب چینل کو دیے گئے اپنے حالیہ انٹرویو میں نورین نیازی نے ملکی دفاعی خودداری کی علامت سمجھے جانے والے ‘معرکہ حق’ کے معاملے پر براہِ راست افواجِ پاکستان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ "معرکہ حق دراصل افواجِ پاکستان اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا آپسی گٹھ جوڑ تھا اور مودی کے ساتھ مل کر یہ پورا ڈراما رچایا گیا تھا”۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ "مودی چاہتا تو دو منٹ میں انہیں فکس کر دیتا، لیکن وہ اس لیے رک گیا کیونکہ اسرائیل ان کے پیچھے کھڑا تھا”۔

نورین نیازی نے اپنے انٹرویو میں سنسنی خیز دعوے کرتے ہوئے مزید کہا کہ ان کا اصل مقصد پاکستان سے اسرائیل کو تسلیم کروانا تھا اور اسی مقصد کے تحت ‘ابراہم ایکارڈز’ پر دستخط کے لیے پاکستان اور اسرائیل کے مابین خفیہ رابطے قائم تھے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی اسی مخصوص وجہ سے ان کی تعریفیں کرتے ہیں، ورنہ ٹرمپ کو یہ لوگ اچھے نہیں لگتے۔

بانی پی ٹی آئی کی بہن کے مطابق، یہ سارا مبینہ ڈراما صرف اور صرف پاک فوج کی گرتی ہوئی ساکھ کو بچانے اور اسے عوام میں عزت دلانے کے لیے مودی حکومت کی مدد سے تیار کیا گیا تھا۔ ان کے اس بیان نے سوشل میڈیا اور قومی میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

دفاعی اور سیاسی ماہرین نے نورین نیازی کے اس بیان پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے ریڈ لائن عبور کرنے کے مترادف قرار دیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ نورین نیازی کے الفاظ، لب و لہجہ اور یہ مخصوص سوچ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے اس روایتی بیانیے کی عکاسی کرتے ہیں جس کا محور ملکی مفاد کے بجائے صرف اور صرف ذاتی و سیاسی مفاد ہے۔

ماہرین نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی، ان کی بہنیں اور پورا خاندان اپنے ذاتی اور سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے ملکی سالمیت اور قومی اداروں کے وقار کو بھی داؤ پر لگانے سے گریز نہیں کر رہے۔

دفاعی تجزیہ کاروں نے خبردار کیا ہے کہ نورین نیازی کا یہ گمراہ کن اور حقیقت سے دور بیان پی ٹی آئی کے اس نام نہاد دعوے کی اصلیت کو بے نقاب کرتا ہے جس میں وہ کہتے ہیں کہ ‘یہ فوج ہماری ہے’۔

ماہرین نے تشویش ظاہر کی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ کا یہ حساس بیان براہِ راست روایتی حریف بھارت کے من گھڑت بیانیے کو تقویت فراہم کرتا ہے، جسے اب بھارتی میڈیا اور پاکستان دشمن عناصر عالمی سطح پر پاک فوج کو بدنام کرنے اور پاکستان کے خلاف ہائبرڈ وار فیئر کے لیے بڑے پیمانے پر استعمال کریں گے۔